خیبرپختونخوا کے تمام ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات مذید موثربنانے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا کے تمام سرکاری ہسپتالوں اور صحت کے مراکز میں فائر سیفٹی انتظامات کو مزید موثر اور جامع بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں سیکرٹری صحت فیاض علی شاہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، پی ڈی ایم اے، سیکرٹری ریلیف، تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس (ایم ایس) اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز (ڈی ایچ اوز) نے شرکت کی۔

سیکرٹری صحت نے ڈویژنل اور ضلعی سطح پر فائر سیفٹی کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام ہسپتالوں کا تفصیلی معائنہ کرنے اور ایک ہفتے کے اندر جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ رپورٹ میں ہنگامی اخراج کے راستوں، فائر فائٹنگ آلات اور ایمرجنسی رسپانس کا مکمل جائزہ شامل ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں : ملک میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر کمی، فی تولہ سونا 4 لاکھ 83 ہزار 36 روپے کا ہوگیا

اجلاس میں صوبے کے تمام علاج گاہوں میں موجودہ فائر سیفٹی پروٹوکولز اور ریسپانس میکانزم کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مریضوں، تیمارداروں اور طبی عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ محکمہ صحت نے صوبے کے تمام صحت کے مراکز میں محفوظ ماحول کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔

Scroll to Top