سلمان علی آغا کا سلپ میں ناقابلِ یقین کیچ، کمنٹیٹرز بھی داد دیے بغیر نہ رہ سکے

لندن: قومی ٹیم کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے لارڈز ٹیسٹ کے پہلے روز سلپ میں ناقابلِ یقین کیچ پکڑ کر نہ صرف سب کو حیران کردیا بلکہ اپنی شاندار فیلڈنگ کا ایک اور ثبوت بھی پیش کردیا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز سلمان علی آغا بطور 12ویں کھلاڑی میدان میں موجود تھے، جہاں انہوں نے اپنی غیر معمولی فیلڈنگ سے کمنٹیٹرز سمیت شائقین کو بھی داد دینے پر مجبور کردیا۔

انگلینڈ کی اننگز کے 48ویں اوور میں خرم شہزاد نے آف اسٹمپ کے اندر لینتھ گیند کرائی۔ جارڈن کاکس نے بیک فٹ پر ڈرائیو کھیلنے کی کوشش کی، تاہم گیند بیٹ کا کنارہ لیتی ہوئی سلپ میں سلمان علی آغا کے دائیں جانب چلی گئی۔

سلمان علی آغا نے فوری ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دائیں جانب ڈائیو لگا کر ایک ہاتھ سے شاندار کیچ تھام لیا۔ ان کا یہ کیچ اتنا غیر معمولی تھا کہ میدان میں موجود کھلاڑیوں اور کمنٹیٹرز نے بھی انہیں بھرپور داد دی۔

یہ بھی پڑھیں:لارڈز ٹیسٹ کا پہلا روزپاکستان کے نام، محمد عباس اور محمد علی کی شاندار بولنگ، انگلینڈ نے 9 وکٹ پر 248 رنز بنالئے 

کیچ مکمل کرنے کے بعد سلمان علی آغا کچھ دیر میدان میں ہی بیٹھے رہے جبکہ کپتان بابر اعظم اور دیگر ساتھی کھلاڑیوں نے بھی ان کی شاندار کوشش کو سراہا۔

Scroll to Top