اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے مون سون اور مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے پیش نظر ملک کے بالائی علاقوں، خیبر پختونخوا، پنجاب اور کشمیر میں 6 ستمبر تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 31 اگست سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا، جس کا سلسلہ 5 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
پیشگوئی کے مطابق کشمیر کے نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور سمیت مختلف علاقوں میں 28 اگست کی رات سے 6 ستمبر تک وقفے وقفے سے موسلادھار بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، لاہور اور سیالکوٹ سمیت بالائی پنجاب میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ وسطی اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں یکم سے 5 ستمبر کے دوران بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع، جن میں پشاور، سوات، دیر اور چترال شامل ہیں، وہاں بھی 29 اگست سے 5 ستمبر تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان کے دیامر، استور، سکردو اور ہنزہ میں 30 اگست سے 6 ستمبر تک بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پی او ایف واہ کا دورہ، دفاعی پیداوار اور کارپوریٹائزیشن پر بریفنگ
محکمہ موسمیات نے مسلسل بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور مردان سمیت بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسم کی صورتحال سے مسلسل باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔ کسانوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔





