اسلام آباد: ریٹائرڈ ملازمین اور پنشن کے اہل افراد کے لیے نادرا نے اہم سہولت کا اعلان کرتے ہوئے پروف آف لائف یعنی تصدیقِ حیات کا سرٹیفکیٹ مکمل طور پر مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نئے طریقہ کار کے تحت اہل پنشنرز کو تصدیقِ حیات کے لیے نادرا دفتر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ وہ گھر بیٹھے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی اپنی تصدیق کرا سکیں گے۔
نادرا کے مطابق جو پنشنرز خود موبائل ایپ استعمال کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، ان کے خاندان کا کوئی فرد بھی مقررہ شناختی تصدیق کے عمل سے گزرنے کے بعد ان کی جانب سے یہ سہولت حاصل کر سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں : سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے
اس کے علاوہ ملک بھر میں 5 ہزار سے زائد ای سہولت فرنچائزز، 988 سے زیادہ نادرا مراکز اور 500 سے زائد یونین کونسلز کے ذریعے بھی پروف آف لائف مفت حاصل کیا جا سکے گا۔
بزرگ، صاحبِ فراش اور نقل و حرکت میں مشکلات کا سامنا کرنے والے افراد کے لیے نادرا کی موبائل سروسز بھی دستیاب ہوں گی۔
اس اقدام کے بعد پنشنرز کے لیے تصدیقِ حیات کا عمل نہ صرف مفت ہوگا بلکہ انہیں بڑی حد تک گھر بیٹھے یہ سہولت حاصل کرنے کی بھی سہولت میسر آ جائے گی۔





