اسلام آباد: پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے اپنی مقبول گاڑی سوزوکی کلٹس کے دو ویرینٹس ’وی ایکس آر‘ اور ’اے جی ایس‘ کو فوری طور پر بند کرتے ہوئے ان کی نئی بکنگ روک دی ہے۔
کمپنی کی جانب سے یکم ستمبر 2026 کو ملک بھر کے تمام منظور شدہ ڈیلرشپس کو مراسلہ جاری کیا گیا، جس میں ’ڈسکنٹینیوایشن آف ٹو ویرینٹس آف سوزوکی کلٹس‘ کے عنوان سے دونوں ویرینٹس کی بکنگ فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں ڈیلرشپس کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنی سیلز ٹیموں اور نئی گاڑی خریدنے کے خواہشمند صارفین کو کلٹس کے دونوں ویرینٹس کی بندش سے فوری طور پر آگاہ کریں، تاکہ اس حوالے سے مارکیٹ میں کسی قسم کا ابہام پیدا نہ ہو۔
پاک سوزوکی کے اس فیصلے کے بعد نئی بکنگ اور فروخت کے لیے کلٹس کا صرف ’وی ایکس ایل‘ ویرینٹ دستیاب رہے گا۔
کمپنی نے وی ایکس آر اور اے جی ایس ویرینٹس کو اچانک بند کرنے کی کوئی تفصیلی وجہ بیان نہیں کی، تاہم ذرائع کے مطابق انتظامیہ اب ایک ہی ویرینٹ کی بروقت فراہمی اور فروخت کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گوگل میں کام کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری
کلٹس کا وی ایکس آر ویرینٹ بنیادی فیچرز کے ساتھ نسبتاً سستی پیشکش کے طور پر مارکیٹ میں موجود تھا، جبکہ اے جی ایس جدید تقاضوں کے مطابق ایک پریمیم آٹومیٹک ویرینٹ تھا۔
دونوں ویرینٹس کو بیک وقت بند کرکے صرف وی ایکس ایل کو برقرار رکھنے کے فیصلے سے یہ تاثر ملتا ہے کہ کمپنی اپنی پروڈکشن لائن کو محدود، ہموار اور زیادہ مؤثر رکھنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام سپلائی چین کے مسائل اور پیداواری لاگت کو کم کرنے کی کوششوں کا حصہ بھی ہوسکتا ہے، تاہم کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔
پاک سوزوکی کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کی آٹوموبائل انڈسٹری گزشتہ کئی برس سے معاشی دباؤ کا شکار ہے۔
مہنگائی کی بلند شرح، خام مال کی درآمد سے متعلق مشکلات اور آٹو فنانسنگ پر اسٹیٹ بینک کی سخت پالیسیوں نے ملک میں گاڑیوں کی فروخت کو متاثر کیا ہے۔
سوزوکی کلٹس جو ایک عرصے تک متوسط طبقے کی مقبول اور نسبتاً بجٹ فرینڈلی ہیچ بیک سمجھی جاتی رہی، قیمتوں میں نمایاں اضافے کے بعد عام صارف کی قوت خرید سے بھی دور ہوتی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ہونڈا سی جی 125 کا نیا ماڈل پاکستان میں لانچ، نئی ورائٹیز بھی متعارف
حالیہ مہینوں میں آٹو سیکٹر کی متعدد کمپنیوں نے بھی کم فروخت ہونے والی گاڑیوں کی پیداوار پر نظرثانی کی ہے۔ بعض ماڈلز کی پیداوار عارضی یا مستقل طور پر روکنے کے فیصلے بھی سامنے آئے ہیں۔
پاک سوزوکی کی جانب سے کلٹس کے دو ویرینٹس ختم کرنے کا فیصلہ اس وسیع تر رجحان کی عکاسی کرتا ہے جس میں گاڑی ساز کمپنیاں محدود طلب اور بڑھتی پیداواری لاگت کے باعث کم ویرینٹس پر توجہ مرکوز کررہی ہیں۔
پاکستانی مارکیٹ میں خریداروں کا دائرہ سکڑنے کے باعث کمپنیوں کے لیے متعدد ویرینٹس تیار کرنے کے بجائے نسبتاً مستحکم فروخت رکھنے والے ماڈلز پر انحصار کرنا زیادہ قابلِ عمل بنتا جارہا ہے۔
صنعتی ماہرین کے مطابق آٹو سیکٹر کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کے لیے طویل المدتی، مستحکم اور کاروبار دوست اقتصادی پالیسیوں کی ضرورت ہے، تاکہ پیداواری لاگت، سپلائی چین اور صارفین کی قوت خرید سے متعلق مسائل پر قابو پایا جاسکے۔





