اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 3 سے 6 ستمبر کے دوران ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات 3 ستمبر کو ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم اسلام آباد، راولپنڈی، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں 3 سے 6 ستمبر کے دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ بالخصوص 4 اور 5 ستمبر کو پوٹھوہار ریجن اور وفاقی دارالحکومت میں بارش کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، جہاں بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے اضلاع جہلم، چکوال، اٹک، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، نارووال، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین، وزیرآباد اور حافظ آباد میں 3 سے 5 ستمبر تک طوفانی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 3 ستمبر کی شام سے بارشیں شروع ہونے اور 5 ستمبر تک جاری رہنے کی توقع ہے، جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی ستمبر کے پہلے ہفتے تک بارشوں کا نیا سلسلہ برقرار رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ متوقع موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا شدید خدشہ ہے، جبکہ پہاڑی راستوں پر لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔ انتظامیہ نے عوام، سیاحوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔





