وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال کے انتظامی و طبی امور کی براہِ راست نگرانی کے لیے ہفتے میں ایک دن خود اسپتال میں بیٹھنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔
وزارتِ صحت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ اہم فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت انعقاد پذیر ہونے والے شعبہ صحت کے اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا جس میں ملک بھر کے طبی اداروں کی کارکردگی اور انتظامی ڈھانچے کی بہتری کے لیے مختلف اہم اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اس فیصلے کا بنیادی مقصد اسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات کو مؤثر بنانا اور مریضوں کے درپیش مسائل کا فوری ازالہ ممکن بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈونلڈ ٹرمپ کا آبنائے ہرمز پر کنٹرول کا دعوی
اس نئے طریقہ کار کے تحت وفاقی سیکریٹری صحت بھی ہفتے میں ایک دن پمز اسپتال میں موجود رہ کر انتظامی و طبی معاملات کی بذاتِ خود دیکھ بھال کریں گے۔
شیڈول کے مطابق سیکریٹری صحت کل سے اسپتال میں اپنے فرائض کی انجام دہی کا آغاز کریں گے جبکہ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال رواں جمعہ کے روز سے پمز اسپتال میں بیٹھ کر براہِ راست تمام امور کی سرپرستی اور نگرانی کریں گے۔





