چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے مہمند ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا، جہاں ممبر واٹر واپڈا عاصم رؤف خان بھی ان کے ہمراہ تھے،دورے کے دوران چیئرمین واپڈا نے مین ڈیم اور پاور ہاؤس سمیت مختلف اہم مقامات پر جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہمند ڈیم ملک کی واٹر، فوڈ اور انرجی سکیورٹی کے لیے ایک کلیدی قومی منصوبہ ہے، اس لیے پراجیکٹ کی تکمیل کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے پراجیکٹ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے دوران تکنیکی معیار اور کنسٹرکشن کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل پاکستان میں پائیدار ترقی اور معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
واضح رہے کہ کثیرالمقاصد مہمند ڈیم پراجیکٹ کی تکمیل سے 12 لاکھ 90 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا،اس کے علاوہ اس منصوبے سے 800 میگاواٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی پیدا ہوگی، جو سالانہ بنیادوں پر 2 ارب 86 کروڑ یونٹ بجلی نیشنل گرڈ کو فراہم کرے گی۔





