بنوں میں گھر میں گھس کر فائرنگ، 8 سالہ لڑکا اور 14 سالہ لڑکی قتل

Pakistan SCO Summit 2026

بنوں : بنوں کے علاقے خنی کلہ نورڑ میں نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کم عمر بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں 8 سالہ نوید اور 14 سالہ اقصیٰ کو نشانہ بنایا گیا۔ دونوں بہن بھائی تھے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد نامعلوم حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، جس کے بعد مزید تفتیش شروع کی جائے گی۔

بنوں میں گزشتہ چند ماہ کے دوران خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے کے متعدد واقعات بھی رپورٹ ہوچکے ہیں۔

جون میں ماں اور بچوں سمیت 5 افراد قتل

25 جون کو بھی بنوں میں گھر میں گھس کر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جہاں نامعلوم افراد نے ماں اور دو بچوں سمیت 5 افراد کو قتل کردیا تھا۔ پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ ککی کی حدود شابری بھرت میں پیش آیا، جس میں فائرنگ سے ایک بچی سمیت 2 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

کتے کے بھونکنے پر خاتون قتل

تین روز قبل بنوں کے تھانہ غوریوالہ کی حدود میں کتے کے بھونکنے پر ہونے والے تنازع نے بھی خونریز رخ اختیار کیا، جہاں باپ بیٹے نے فائرنگ کرکے ایک خاتون کو قتل کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : صوبائی حکومت سندھ اسٹریٹ موومنٹ میں مصروف، صوابی میں طالبات بارش کے پانی سے گزرنے پر مجبور

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق پولیس نے واقعے کے مرکزی ملزمان شفا علی ولد میر جنان اور گلاب ولد شفا علی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 2 کلاشنکوفیں بھی برآمد کی تھیں۔

پشاور اور قبائلی اضلاع میں بھی فائرنگ کے واقعات

دوسری جانب گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے مریم زئی میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار فاروق شاہ کو شہید کردیا۔

اسی روز ضلع خیبر میں بھی قتل کا واقعہ پیش آیا، جہاں پولیس کے مطابق گھریلو مسئلے پر دو فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔

علاوہ ازیں، 2 روز قبل ضلع باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقے فرش میں نامعلوم افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں ایک شخص قتل جبکہ ایک زخمی ہوا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت بہادر اور زخمی کی فراز کے نام سے ہوئی تھی۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top