وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر قومی تاریخ کا درخشاں باب اور مسلح افواج و قوم کے عزم، اتحاد اور قربانیوں کی لازوال علامت ہے۔
وزیراعظم نے شہدائے وطن، غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں پاک مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کیا اور پاکستانی قوم نے مثالی اتحاد و ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی نے ملکی عسکری تاریخ میں ایک اور سنہری باب رقم کیا۔ پوری قوم اپنی مسلح افواج پر فخر کرتی ہے اور 6 ستمبر کا جذبہ آج بھی پوری قوت سے زندہ ہے۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ چیلنجز کا مقابلہ قومی اتحاد اور یکجہتی سے کیا جائے گا۔ حکومت ملکی دفاع، سلامتی، معاشی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی فلاح کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی و عالمی امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں دیرپا امن ممکن نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یومِ دفاع پاکستان، 6 ستمبر 1965 کا معرکہ، پاک فوج نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے
انہوں نے قوم پر زور دیا کہ قائداعظمؒ کے اصولوں، ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کو اپناتے ہوئے پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے متحد ہو کر کام کیا جائے۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے اور شہداء کے درجات بلند فرمائے۔





