ملاکنڈ: سخاکوٹ کے علاقے میں ٹرک اور گاڑی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 2 نوجوان جاں بحق جبکہ 8 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
لیویز کے مطابق افسوسناک حادثہ علی الصبح پیش آیا، جہاں باجوڑ جانے والی گاڑی کو تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی۔ تصادم کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو نوجوان، شایان اور احتشام، موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 8 افراد شدید زخمی ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعد ازاں تمام زخمیوں کو مزید علاج کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال درگئی منتقل کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : رحیم یار خان میں باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی کو حادثہ، 7 جاں بحق، 60 سے زائد زخمی
اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
لیویز کے مطابق ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے، تاہم حادثے کی اصل وجوہات اور ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔





