اسلام آباد: پاکستان 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کرے گا، کھیلوں کے مقابلے 4 سے 11 اپریل 2027 تک اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ہوں گے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ساؤتھ ایشین گیمز 2027 کی تیاریوں سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کھیلوں کے انعقاد کی تاریخوں کو حتمی شکل دی گئی۔
دفتر خارجہ کے مطابق ساؤتھ ایشین اولمپک کمیٹی کے ساتھ مشاورت کے بعد گیمز کے انعقاد کی تاریخیں 4 سے 11 اپریل 2027 مقرر کی گئی ہیں۔ آٹھ روزہ کھیلوں کے مقابلوں میں 28 کھیلوں میں 6 ہزار سے زائد کھلاڑی اور آفیشلز کی شرکت متوقع ہے۔
اسلام آباد گیمز کے اہم میزبان شہر کے طور پر مرکزی کردار ادا کرے گا، جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے منتخب مقامات پر بھی مختلف مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ کھیلوں میں ایتھلیٹکس، تیراکی، ہاکی، فٹبال، والی بال، باکسنگ سمیت دیگر کھیل شامل ہوں گے۔
اجلاس میں نیشنل کوآرڈینیٹر کی تعیناتی اور اسٹیئرنگ، آرگنائزنگ اور صوبائی کمیٹیوں کی تشکیل کی بھی منظوری دی گئی۔
اسحاق ڈار نے متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں کو قریبی رابطہ برقرار رکھنے، کھیلوں کے مقامات کی بروقت تکمیل اور اپ گریڈیشن یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تیاریوں کو اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کرنے پر بھی زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد پولیس، این سی سی آئی اے میں بھرتیوں کے خواہشمندوں کے لیے خوشخبری
نائب وزیراعظم نے اسٹیئرنگ کمیٹی کو ہر ماہ اجلاس منعقد کرکے پیش رفت کا جائزہ لینے، ممکنہ رکاوٹوں کی نشاندہی کرنے اور تیاریوں کو مقررہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھانے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کا انعقاد پہلے 2021 میں ہونا تھا، تاہم کورونا وبا کے باعث اسے ملتوی کردیا گیا تھا، جبکہ جنوری 2026 میں بھی گیمز کے انعقاد میں مزید تاخیر ہوئی۔
ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان، بھارت، افغانستان، بنگلہ دیش، بھوٹان، مالدیپ، نیپال اور سری لنکا کے کھلاڑی شرکت کرتے ہیں۔
آخری بار یہ مقابلے 2019 میں نیپال میں منعقد ہوئے تھے، جس میں بھارت نے سب سے زیادہ کامیابیاں حاصل کی تھیں۔
پاکستان کے لیے گیمز کی میزبانی ملکی کھیلوں کی سہولیات اور انتظامی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ قومی کھلاڑیوں کو ہوم گراؤنڈ پر مقابلے کا موقع فراہم کرے گی۔





