ٹویوٹا کرولا کراس خریدنا آسان، بینکوں نے خصوصی فنانسنگ آفرز متعارف کرادیں

Pakistan SCO Summit 2026

ٹویوٹا کرولا کراس کی خریداری کے خواہشمند افراد کے لیے ایم سی بی بینک اور بینک الفلاح نے خصوصی فنانسنگ آفرز متعارف کرادی ہیں، جن کے تحت صارفین کو آسان اقساط اور مختلف اضافی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ایم سی بی بینک کی ’MCB Car4U‘ آٹو فنانس سہولت کے تحت صارفین ٹویوٹا کرولا کراس کی خریداری کے لیے زیادہ سے زیادہ 30 لاکھ روپے تک کی فنانسنگ حاصل کرسکتے ہیں، جبکہ فنانسنگ کی مدت 3 سال تک ہوگی۔

بینک کے مطابق ایم سی بی کے صارفین کو 1 سالہ کائبور پلس 2.75 فیصد کی مارک اپ شرح پر منظم ادائیگی کے منصوبے کے تحت گاڑی خریدنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

فنانسنگ پلان کے تحت اہل صارفین کو پہلے سال کے لیے مفت متواتر دیکھ بھال اور گاڑی کی ترجیحی ڈیلیوری کی سہولت بھی دی جائے گی۔ یہ محدود مدت کی اسکیم 30 ستمبر 2026 تک دستیاب رہے گی۔

دوسری جانب بینک الفلاح نے بھی ٹویوٹا کرولا کراس کے لیے شریعت کے مطابق اسلامی آٹو فنانس پیکیج متعارف کرایا ہے، جس میں اہل خریداروں کو نفع کی شرح اور تکافل پریمیم پر خصوصی رعایت دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے شیاومی کا بڑا اعلان

بینک الفلاح کی آفر میں گاڑی کی ترجیحی ڈیلیوری، پری پیڈ مینٹیننس سروسز پر خصوصی قیمتیں اور وارنٹی پلان میں توسیع سمیت مختلف سہولیات شامل ہیں۔

اسلامی آٹو فنانس پروگرام کے تحت صارفین کو رجسٹریشن فیس یا تکافل کی اضافی رقم پیشگی ادا نہیں کرنا ہوگی، جبکہ گاڑی کا کرایہ یا قسط کی ادائیگی گاڑی کی ڈیلیوری کے بعد شروع ہوگی۔

بینک الفلاح کی یہ محدود مدت کی آفر بھی قواعد و ضوابط کے تحت 30 ستمبر 2026 تک دستیاب رہے گی۔

دونوں بینکوں کی جانب سے متعارف کرائی گئی فنانسنگ سہولیات ٹویوٹا کرولا کراس خریدنے کے خواہشمند صارفین کو مختلف ادائیگی کے آپشنز اور اضافی سہولیات فراہم کرتی ہیں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top