اسلام آباد : صحافی بلال غوری کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے درج شکایت کے بعد گرفتار کرلیا گیا ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے بعد بلال غوری کے خلاف مقدمہ نمبر 143/2026 درج کیا گیا۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ بلال غوری نے 5 ستمبر 2026 کو یوٹیوب پر ایک ویڈیو اور ایکس پر پوسٹ اپ لوڈ اور نشر کی، جس میں نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر کے طور پر میجر جنرل فیصل نصیر کی تقرری سے متعلق مبینہ طور پر غلط اور گمراہ کن بیانیہ پیش کیا گیا۔
NCCIA has registered FIR No. 143/2026 after a preliminary inquiry established that Muhammad Bilal Ghauri intentionally created, uploaded and disseminated a YouTube video and X post on 5 September 2026 containing a false and misleading narrative about the notified appointment of… pic.twitter.com/htazDhypqg
— Dr Irfan Ashraf (@irfanashraf36) September 6, 2026
این سی سی آئی اے کے مطابق مذکورہ مواد میں سرکاری نوٹیفکیشن کی زبان کے ساتھ عسکری ترقیوں کے نظام اور انٹیلی جنس ادارے کے اندرونی طریقۂ کار سے متعلق غیر مصدقہ قیاس آرائیاں شامل کی گئیں، جبکہ ’’سائیڈ لائننگ‘‘ سمیت بعض اصطلاحات استعمال کرتے ہوئے ترقی کے امکانات اور ادارہ جاتی مقاصد پر بھی قیاس آرائیاں کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی حماد اظہر گرفتار
ایجنسی کا مؤقف ہے کہ مذکورہ مواد بادی النظر میں ریاستی اداروں اور سرکاری عہدوں پر فائز افراد پر عوامی اعتماد کو نقصان پہنچانے اور بے چینی و بدامنی کا احساس پیدا کرنے کے زمرے میں آتا ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق یہ معاملہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016، جس میں 2025 میں ترمیم کی گئی، کی دفعات 20 اور 26-اے کے تحت قابلِ دست اندازی جرم بنتا ہے۔
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ مطلوبہ قانونی اجازت حاصل کرنے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا اور بلال غوری کو قانون کے مطابق حراست میں لے لیا گیا۔
دوسری جانب صحافی عمر چیمہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق بلال غوری 6 ستمبر کو رات تقریباً 2 بجے سے اسلام آباد کے علاقے ای-11/4 میں اپنی رہائش گاہ سے لاپتہ تھے۔
افسوسناک خبر، بلال غوری رات دو بجے سے لاپتہ ہیں E/11-4 میں رہائش پذیر ہیں اپنے گھر کے گراونڈ فلور کو ہی دفتر بنایا ہوا ہے جبکہ رہائش فرسٹ فلور پر ہے اہل خانہ کو گمشدگی بارے تب پتہ چلا جب وہ گراونڈ فلور سے غائب پائے گئے عینک اور پرس چھوڑ گئے بلال اور اسکے موبائل بارے کچھ پتہ نہیں… pic.twitter.com/cwODSlHDoh
— Umar Cheema (@UmarCheema1) September 6, 2026
عمر چیمہ کے مطابق بلال غوری گھر کی پہلی منزل پر رہائش پذیر جبکہ گراؤنڈ فلور کو دفتر کے طور پر استعمال کرتے تھے، جہاں ان کی عینک اور پرس موجود تھے، تاہم موبائل فون کے بارے میں معلومات نہیں تھیں۔
بلال غوری کی اہلیہ حمیرا کنول نے بھی شوہر کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مدد کی اپیل کی تھی۔ ان کے مطابق اہل خانہ نے پولیس سے رابطہ کرکے گمشدگی کی درخواست جمع کرائی تھی، تاہم اس وقت تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی تھی۔
Assalamualaikum, everyone, I am Humaira Kanwal, Muhammad Bilal Ghauri’s wife. My husband is missing from the last night (around 2 am, 6/9/2026)
I request everyone to please take action as soon as possible to get him home safely and quickly.— Humaira Kanwal (@RosiePakistan) September 6, 2026
بعد ازاں رپورٹس سامنے آئیں کہ بلال غوری کو این سی سی آئی اے کی جانب سے درج شکایت کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔ تاہم ان کے خلاف شکایت کی تفصیلات اور دیگر الزامات سے متعلق مزید معلومات سامنے آنا باقی ہیں۔





