خیبر پختونخوا کے سرکاری سکولوں میں 15 ہزار 684 اساتذہ کی کمی

Pakistan SCO Summit 2026

پشاور: خیبر پختونخوا کے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی کا بحران بدستور برقرار ہے اور صوبہ بھر میں سرپلس اساتذہ کی ایڈجسٹمنٹ کے باوجود 15 ہزار 684 اساتذہ کی خالص کمی سامنے آگئی ہے۔

خیبر پختونخوا ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کی 2026 کی رپورٹ میں سکولوں میں اساتذہ کی تعیناتی، تبادلوں، نئی بھرتیوں اور طلبہ و اساتذہ کے تناسب سے متعلق تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق لڑکوں کے سکولوں میں 13 ہزار 508 اساتذہ کی کمی ہے، جبکہ 2 ہزار 870 اساتذہ سرپلس ہیں۔ سرپلس اساتذہ کو منہا کرنے کے بعد لڑکوں کے سکولوں میں اساتذہ کی خالص کمی 10 ہزار 727 بنتی ہے۔

اسی طرح لڑکیوں کے سکولوں میں 7 ہزار 911 اساتذہ کی کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ 3 ہزار 284 اساتذہ سرپلس ہیں۔ اس طرح لڑکیوں کے سکولوں میں اساتذہ کی خالص کمی 4 ہزار 957 رہ جاتی ہے۔

دستاویز کے مطابق اساتذہ کی تعیناتی کے لیے طلبہ کی تعداد کو بنیادی معیار بنایا گیا ہے۔ 59 تک طلبہ کے لیے 2 اساتذہ، 60 سے 99 طلبہ کے لیے 3، 100 طلبہ کے لیے 4 جبکہ 140 طلبہ کے لیے 5 اساتذہ مقرر کرنے کا معیار طے کیا گیا ہے۔ ہر مزید 40 طلبہ کے اضافے پر ایک اضافی استاد مقرر کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق مارچ 2026 سے صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 9 ہزار 198 اساتذہ کے تبادلے کیے گئے، جن میں 6 ہزار 459 مرد اور 2 ہزار 739 خواتین اساتذہ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں 100 سے زائد ہاسٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کی کڑی نگرانی کا فیصلہ

اسی طرح پرائمری سکولوں میں پیرنٹ ٹیچر کونسل کے ذریعے 5 ہزار 683 اساتذہ بھرتی کیے گئے، جن میں 2 ہزار 88 مرد اور 3 ہزار 595 خواتین اساتذہ شامل ہیں۔

رپورٹ میں صنفی بنیاد پر کیے گئے تجزیے میں بتایا گیا ہے کہ بچیوں کے سکولوں میں داخلوں میں لڑکوں کے مقابلے میں زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ لڑکیوں کے داخلوں میں 26.2 فیصد جبکہ لڑکوں کے داخلوں میں 16.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث بچیوں کے سکولوں میں اساتذہ کی ضرورت بھی بڑھ رہی ہے۔

دستاویز کے مطابق اس وقت صوبے کے 45.1 فیصد لڑکوں اور 41.6 فیصد لڑکیوں کے سکول اساتذہ کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں اساتذہ کی دستیابی اور طلبہ کی تعداد میں توازن پیدا کرنے کے لیے تبادلوں اور نئی بھرتیوں کا عمل جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top