پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صوبوں کے قیام کے حوالے سے ہماری پارٹی کا موقف بالکل واضح ہے، اور وہ اس اہم معاملے پر پارلیمنٹ میں کھل کر بحث کرنے کے لیے تیار ہیں۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت جو چیلنجز درپیش ہیں، ان کا حل کسی ایک سیاسی جماعت کے پاس نہیں ہے بلکہ تمام جماعتوں کو مل کر سوچنا ہوگا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو اپنی رائے کا حق حاصل ہے، لیکن اس ایشو پر قومی اسمبلی میں باقاعدہ بحث ہونی چاہیے۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی پارلیمان میں کم آتے ہیں، اس لیے بزنس فورمز کے بجائے انہیں پارلیمان کا رخ کرنا چاہیے۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ اگر سسٹم فیل ہوا ہے تو اس بات پر بھی قومی اسمبلی میں سنجیدہ بحث کی ضرورت ہے کہ آخر سسٹم کیوں ناکام ہوا اور اس کا اصل حل کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سسٹم اوور لوڈڈ ہے،160 بااختیار ضلعی حکومتیں یا 15 صوبے بنادیئے جائیں، احسن اقبال کی تجاویز سامنے آگئیں
چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی قسمت کا فیصلہ چند تاجر (بزنس مین) نہیں کریں گے۔
انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کے عوام نے پیپلز پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے واضح اکثریت دی ہے۔





