عاصم افتخار احمد پاکستان کے نئے سیکریٹری خارجہ مقرر

Pakistan SCO Summit 2026

اسلام آباد: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد کو ملک کا نیا سیکریٹری خارجہ مقرر کردیا گیا ہے، جبکہ موجودہ سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ 17 ستمبر 2026 کو سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوجائیں گی۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اہم سفارتی تقرریوں اور تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عاصم افتخار احمد کی بطور سیکریٹری خارجہ تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔

اسحاق ڈار نے عاصم افتخار احمد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے دفتر خارجہ کی مؤثر قیادت کریں گے اور عالمی سطح پر پاکستان کے مفادات کو واضح، پیشہ ورانہ اور مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں گے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ عاصم افتخار احمد کی قیادت میں دفتر خارجہ آمنہ بلوچ اور ان سے قبل خدمات انجام دینے والے سیکریٹریز کی جانب سے کیے گئے اہم کام کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان کے قومی مفادات کے فروغ کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں : کشمیر کی حیثیت سے متعلق بھارتی دعوے بے بنیاد ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

دوسری جانب موجودہ سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ 17 ستمبر کو تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط سرکاری ملازمت مکمل کرکے ریٹائر ہوجائیں گی۔ وہ 11 ستمبر 2024 سے سیکریٹری خارجہ کے منصب پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

اسحاق ڈار نے آمنہ بلوچ کی وزارت خارجہ کیلئے خدمات اور مشکل دور میں ان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شاندار انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور سرکاری ملازمت کے دوران قومی خدمت کی ایک قابلِ قدر مثال قائم کی۔

ریٹائرمنٹ کے بعد آمنہ بلوچ کو ترکیہ میں پاکستان کا سفیر مقرر کیا جائے گا۔ اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ وہ نئی ذمہ داری میں بھی اسی عزم اور پیشہ ورانہ انداز کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کرتی رہیں گی۔

نائب وزیراعظم کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آمنہ بلوچ کی بطور سفیر ترکیہ اور عاصم افتخار احمد کی بطور نئے سیکریٹری خارجہ تعیناتیوں کی منظوری دے دی ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top