ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

Pakistan SCO Summit 2026

اسلام آباد: اسلام آباد، کراچی، ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، آٹا 130 سے 135 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا ہے۔

ملتان کے مختلف علاقوں میں بھی آٹے کی فی کلو قیمت 130 سے 135 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 15 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 2 ہزار روپے میں دستیاب ہے۔ بعض مقامات پر شہریوں کے مطابق 15 کلو کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 100 روپے تک بھی وصول کی جارہی ہے۔

آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے کم آمدنی والے طبقے اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کا گھریلو بجٹ شدید متاثر ہوا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ اخراجات پہلے ہی پورے کرنا مشکل ہیں، ایسے میں بنیادی ضرورت کی اشیا مہنگی ہونے سے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

متاثرہ شہریوں کے مطابق دہاڑی دار طبقے کیلئے مہنگائی کا مقابلہ کرنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔ ایک شہری نے بتایا کہ کبھی روزگار ملتا ہے اور کبھی نہیں ملتا، ایسے میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار روپے میں خریدنا مشکل ہے، جبکہ ایک کلو آٹا 135 سے 140 روپے تک فروخت ہورہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کپتان بابر اعظم ٹیم میں تبدیلیوں سے لاعلم نکلے، وجہ بھی بتا دی

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے اور مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

دوسری جانب آٹے کے ڈیلرز اور تاجروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کے باعث آٹے کی فروخت میں نمایاں کمی ہوئی ہے، کیونکہ عوام کی قوت خرید متاثر ہوگئی ہے۔

ڈیلرز کے مطابق وہ ہول سیل نرخوں پر معمولی منافع کے ساتھ آٹا فروخت کر رہے ہیں، تاہم مسلسل بڑھتی قیمتوں نے ان کے کاروبار کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کے باوجود صورتحال کا مؤثر نوٹس نہیں لیا جارہا۔

تاجروں اور شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں کمی کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو بنیادی ضرورت کی اس اہم شے میں ریلیف مل سکے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top