ڈریسنگ روم لیکس کیس، امام الحق، رضوان این سی سی آئی اے کے سامنے پیش

Pakistan SCO Summit 2026

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی امام الحق اور محمد رضوان انگلینڈ سیریز کے دوران ڈریسنگ روم لیکس سے متعلق کیس میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور آفس میں پیش ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹرز این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس پر پیش ہوئے اور اپنا جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت مانگ لیا۔ دونوں کھلاڑی این سی سی آئی اے کو تحریری جواب جمع کرائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں کے موبائل فون این سی سی آئی اے کے حوالے کیے تھے، جنہیں تحقیقات کے سلسلے میں ان لاک بھی کرایا جائے گا۔ این سی سی آئی اے انگلینڈ سیریز کے دوران ڈریسنگ روم سے متعلق مبینہ معلومات کے لیک ہونے کے معاملے کی تحقیقات کرے گی۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق بورڈ فی الحال اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کرے گا کیونکہ انکوائری جاری ہے۔ ذرائع نے کہا کہ کرکٹرز اور آفیشلز سے متعلق غیرمصدقہ اور بے بنیاد خبریں بھی گردش کر رہی ہیں۔

این سی سی آئی اے نے امام الحق اور محمد رضوان کو طلب کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ایجنسی کھلاڑیوں کے موبائل فونز سے حاصل ہونے والی معلومات کا بھی جائزہ لے گی، تاہم پی سی بی کی جانب سے تاحال کھلاڑیوں کو طلب کیے جانے کی وجوہات کی وضاحت نہیں کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:برمنگھم ٹیسٹ: انگلینڈ پہلی اننگز میں 453 رنز پر آؤٹ، پاکستان پر 320 رنز کی برتری

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ کے دوران کھلاڑیوں کی جانب سے مبینہ ڈسپلن کی خلاف ورزیوں پر اندرونی انکوائری کا اعلان کر رکھا ہے۔

پی سی بی کے ترجمان کے مطابق دورہ انگلینڈ کے دوران پیش آنے والے معاملات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ انکوائری میں تمام متعلقہ افراد کے مؤقف اور دستیاب شواہد کو مدنظر رکھا جائے گا۔

پی سی بی نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ معاملے سے متعلق صرف بورڈ کے باضابطہ بیانات پر اعتماد کریں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top