یونیورسٹی آف پشاور مالی و انتظامی بحران کا شکار، اساتذہ تاحال تنخواہوں سے محروم

Pakistan SCO Summit 2026

پشاور: پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن (پیوٹا) نے جامعہ کی انتظامی کارکردگی اور مالی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف پشاور مالی اور انتظامی بحران کی جانب بڑھ رہی ہے، جبکہ اساتذہ کو تاحال تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔

پیوٹا کی جانب سے جاری مؤقف میں کہا گیا ہے کہ تنخواہ اساتذہ کا بنیادی حق ہے، جسے کسی رعایت یا احسان کے طور پر نہیں دیکھا جا سکتا۔ تنظیم نے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کی تمام واجب الادا تنخواہیں بلا تاخیر ادا کی جائیں۔

اساتذہ کی تنظیم نے یونیورسٹی کے خزانچی کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مالی معاملات کو مؤثر انداز میں چلانے میں مسلسل ناکامی کا سامنا ہے۔ پیوٹا کے مطابق تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر انتظامی نااہلی اور جوابدہی کے فقدان کو ظاہر کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں ایک اور بڑی کارروائی، اہم ملزمان گرفتار

پیوٹا کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ کو نئے طلبہ کے خیرمقدم اور بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی پر توجہ دینی چاہیے تھی، تاہم موجودہ صورتحال میں انتظامیہ نئے مسائل پیدا کر رہی ہے۔

تنظیم کے مطابق مالی مشکلات کے باعث یونیورسٹی آف پشاور انتظامی اور تعلیمی زوال کی طرف بڑھ رہی ہے، جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

پیوٹا نے مطالبہ کیا کہ صورتحال مزید سنگین اور ناقابلِ واپسی ہونے سے قبل مؤثر اقدامات کیے جائیں اور اساتذہ کی تمام واجب الادا تنخواہیں فوری طور پر جاری کی جائیں۔

پیوٹا نے خبردار کیا ہے کہ اساتذہ کے جائز حقوق کے تحفظ اور یونیورسٹی آف پشاور کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے قانونی اور جمہوری راستے اختیار کیے جائیں گے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top