اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق 2 جولائی کے بعد ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں 2 لاکھ 94 ہزار 818 کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد مجموعی ووٹرز کی تعداد 13 کروڑ 68 لاکھ 69 ہزار 217 ہوگئی۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب ملک کا سب سے زیادہ ووٹرز رکھنے والا صوبہ ہے، جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 75 لاکھ 71 ہزار 216 ہوگئی ہے۔ 2 جولائی کے بعد پنجاب میں 94 ہزار 582 نئے ووٹرز کا اندراج ہوا۔
خیبرپختونخوا میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 34 لاکھ 92 ہزار 258 ہوگئی، جبکہ اس عرصے کے دوران صوبے میں 85 ہزار 309 نئے ووٹرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سندھ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 87 لاکھ 41 ہزار 92 تک پہنچ گئی ہے، جہاں 2 جولائی کے بعد 65 ہزار 345 نئے ووٹرز کا اندراج ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آٹا بھی مہنگا
الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 58 لاکھ 154 ہوگئی ہے، جبکہ اس عرصے کے دوران صوبے میں 37 ہزار 372 نئے ووٹرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 64 ہزار 497 ہوگئی ہے، جہاں 2 جولائی کے بعد 12 ہزار 210 نئے ووٹرز کا اندراج کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں نئے ووٹرز کے اندراج کے بعد مجموعی رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 13 کروڑ 68 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔





