دونوں ایپس کا افتتاح کمشنر ہزارہ ڈویژن شاہد اللہ خان نے GDA ہیڈ آفس میں کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل GDA محمد فواد سمیت مختلف ڈائریکٹرز اور افسران بھی موجود تھے۔
ڈائریکٹر جنرل GDA نے کمشنر ہزارہ کو دونوں ایپس کے فیچرز، افادیت اور مستقبل میں ان کے استعمال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ GDA Vault AI App کے ذریعے اتھارٹی کے ریکارڈ، معلومات اور انتظامی امور کو جدید ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا، جس سے ریکارڈ مینجمنٹ، دفتری کارکردگی اور ادارہ جاتی شفافیت میں بہتری آئے گی۔
دوسری جانب Go Galiyat 360 Tourism App کے ذریعے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر گلیات کے موسم، سڑکوں اور سفری حالات، سیاحتی مقامات، راستوں اور دیگر ضروری معلومات دستیاب ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے عوام نے لانگ مارچ کو مسترد کردیا، حکومت کو کارکردگی دکھانے کا مطالبہ
حکام کے مطابق ایپ کے ذریعے سیاح گلیات میں سفر سے قبل اور دورانِ سفر اہم معلومات حاصل کرسکیں گے، جس سے سفری سہولیات بہتر بنانے اور سیاحوں کے سفر کو مزید محفوظ اور آسان بنانے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر کمشنر ہزارہ ڈویژن شاہد اللہ خان نے GDA کی جانب سے ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل سہولیات سے سرکاری اداروں کی کارکردگی اور عوامی خدمات کے معیار میں بہتری آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل سہولیات کے ذریعے سیاحوں کو بہتر سفری تجربہ فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
ڈائریکٹر جنرل GDA محمد فواد کا کہنا تھا کہ Go Galiyat 360 گلیات آنے والے سیاحوں کے لیے ایک جامع ڈیجیٹل گائیڈ ثابت ہوگی، جبکہ GDA Vault AI ادارے کے انتظامی اور معلوماتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔





