بنوں گمشدگی واقعہ، پشاور ہائیکورٹ نے پولیس سے رپورٹ طلب کرلی

Pakistan SCO Summit 2026

کامران علی شاہ

پشاور: بنوں سے وزیرستان کے رہائشی دو افراد کی مبینہ گمشدگی کے خلاف دائر درخواست پر پشاور ہائیکورٹ نے پولیس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

کیس کی سماعت چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کریم اللہ کے وکیل بشیر خان وزیر ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کے دو بھائی شمال خان اور رحیم اللہ کو مبینہ طور پر امن کمیٹی کے افراد اٹھا کر لے گئے ہیں۔

وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں بھائیوں کو اگست کے مہینے میں اٹھایا گیا، جبکہ اس سے قبل بھی امن کمیٹی کے افراد انہیں لے گئے تھے، تاہم بعد میں رہا کردیا گیا تھا۔

وکیل کے مطابق امن کمیٹی کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ خاندان کے ایک اور بھائی غفور کو ان کے حوالے کیا جائے، جبکہ غفور سے بھی گزشتہ تقریباً سات ماہ سے اہلخانہ کا کوئی رابطہ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کا 27 ستمبر کا احتجاج، شیر افضل مروت نے پیشگی اعلان کردیا

چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے استفسار کیا کہ امن کمیٹی کے افراد کون ہیں؟ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ امن کمیٹی پولیس کی ہے۔

عدالت نے مزید استفسار کیا کہ مبینہ طور پر لاپتہ افراد کیا کام کرتے ہیں، جس پر وکیل نے بتایا کہ ایک بھائی اپنی دکان چلاتا ہے جبکہ دوسرا لاپتہ نوجوان طالب علم ہے۔

عدالت نے پولیس کو معاملے سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور فوکل پرسن کو رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا۔

بعد ازاں پشاور ہائیکورٹ نے پولیس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے درخواست پر سماعت ملتوی کردی۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top