کوہاٹ: ضلع کوہاٹ میں مبینہ غیر قانونی سونے کی کان پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک راہگیر سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کا واقعہ گمبٹ تھانے کی حدود دربو کچ میں پیش آیا، جہاں سونے کی کان پر مبینہ طور پر دو گروپوں کے درمیان تنازع کے بعد ایک دوسرے پر فائرنگ کی گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے دوران علاقے میں بھگدڑ مچ گئی جبکہ گولیوں کی زد میں آکر ایک راہگیر سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو طبی مرکز منتقل کردیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی، جبکہ پولیس نے فائرنگ میں ملوث افراد اور واقعے کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں گمشدگی واقعہ، پشاور ہائیکورٹ نے پولیس سے رپورٹ طلب کرلی
ذرائع کے مطابق مذکورہ مقام پر سونے کی کان کنی کے حوالے سے دو گروپوں کے درمیان پہلے سے اختلافات موجود تھے اور فائرنگ کا واقعہ بھی اسی تنازع کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے۔
تاہم فائرنگ کی اصل وجہ اور جاں بحق و زخمی افراد کی شناخت کے بارے میں مزید تفصیلات پولیس تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گی۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے، جبکہ علاقے میں مزید کسی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔





