خیبرپختونخوا میں گندم بحران کا خدشہ، سرکاری گوداموں میں محدود اسٹاک رہ گیا

Pakistan SCO Summit 2026

پشاور: خیبرپختونخوا میں گندم کے ممکنہ بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا، محکمہ خوراک کی دستاویز کے مطابق صوبے کے سرکاری گوداموں میں گندم کا ذخیرہ تیزی سے کم ہوکر صرف دو ہفتوں کی ضرورت تک رہ گیا ہے۔

محکمہ خوراک کی دستاویز کے مطابق صوبے کے سرکاری گوداموں میں اس وقت ایک لاکھ 89 ہزار میٹرک ٹن گندم موجود ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کو روزانہ تقریباً 14 ہزار 900 میٹرک ٹن گندم درکار ہوتی ہے۔ موجودہ اسٹاک صوبے کی ضرورت کے مطابق تقریباً دو ہفتوں کے لیے کافی ہے۔

دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا کو سالانہ 54 لاکھ 36 ہزار میٹرک ٹن گندم کی ضرورت ہوتی ہے، جبکہ صوبے میں گندم کی اپنی پیداوار تقریباً 14 لاکھ 72 ہزار میٹرک ٹن ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں اضافہ، مجموعی تعداد 13 کروڑ 68 لاکھ سے زائد

اعداد و شمار کے مطابق صوبے کو سالانہ تقریباً 39 لاکھ 64 ہزار میٹرک ٹن گندم کی کمی کا سامنا ہے، جس کے باعث دیگر ذرائع سے گندم کی فراہمی صوبے کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے اہم ہے۔

محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے گندم کے کم ہوتے ذخیرے کے باعث ممکنہ بحران کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔

تاہم حکام کے مطابق پاسکو سے 2 لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن گندم کی فراہمی پائپ لائن میں ہے، جس کی دستیابی سے صورتحال میں بہتری آنے کی توقع ہے۔

دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا کی مجموعی آبادی 4 کروڑ 38 لاکھ 43 ہزار نفوس پر مشتمل ہے، جس کے لیے گندم کی مسلسل اور بلاتعطل فراہمی ضروری ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top