پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ پاکستان کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات بالکل آزاد اور الگ نوعیت کے ہیں۔
العربیہ ٹی وی انگلش کو اپنے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ یہ تعلقات ایران، چین یا کسی بھی دوسرے ملک کی قیمت پر قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی ملک کے ساتھ پاکستان کے باہمی روابط کبھی بھی کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں ہوتے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ پاکستان مختلف ممالک اور گروہوں کے ساتھ باہمی مفادات اور احترام کی بنیاد پر آزادانہ تعلقات رکھتا ہے اور تمام مشترکہ مفادات کو مضبوط بنانے کے ساتھ اختلافات کو ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
چین کے ساتھ قریبی اور اہم تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ ان دوستیوں میں کسی قسم کے مقابلے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی سرحدوں، علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے معاملے میں مکمل طور پر پراعتماد ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگرچہ خطے میں تنازعات پھیلنے کے خدشات موجود ہیں اور ان کے اثرات پورے خطے پر پڑتے ہیں، تاہم ایک خود انحصار ملک کی حیثیت سے پاکستان کو پورا یقین ہے کہ وہ ملک کے خلاف کسی بھی سازش یا نقصان دہ منصوبے سے بخوبی نبردآزما ہو سکتا ہے۔





