ہونہار اور مستحق طلبہ کو جدید تعلیم کی فراہمی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

Pakistan SCO Summit 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہونہار اور مستحق طلبہ کو میرٹ پر معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت دانش یونیورسٹی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں یونیورسٹی کے قیام سے متعلق وزیراعظم کی مختلف ہدایات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دانش یونیورسٹی پاکستان کے باصلاحیت اور مستحق نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہترین تعلیمی، تحقیقی اور جدید تکنیکی سہولیات کی بدولت دانش یونیورسٹی ملک بھر اور پورے خطے میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں مرکزِ امتیاز کے طور پر ابھرے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ دانش یونیورسٹی میں داخلوں کے لیے پورے پاکستان سے باصلاحیت طلبہ کا انتخاب میرٹ پر کیا جائے گا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی میں مختلف فیکلٹی آسامیوں کے لیے اب تک 185 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جبکہ بہترین اور باصلاحیت فیکلٹی کے انتخاب کا عمل جاری ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف ایس سی اور اے لیول کے دوسرے سال میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے دانش یونیورسٹی کے ورچوئل اسکول کا ٹیلنٹ ہنٹ شروع کردیا گیا ہے۔ ورچوئل اسکول میں کامیاب طلبہ کے لیے پانچ ماہ کی سو فیصد مفت کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : چارسدہ: طالب علم کے اغوا اور مبینہ زیادتی کی کوشش، 3 ملزمان گرفتار

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ دانش یونیورسٹی کی ورچوئل کلاسز کے لیے ٹیسٹ 40 سے زائد شہروں میں 24 اکتوبر 2026 کو منعقد ہوگا۔ یونیورسٹی کی عمارت آئندہ سال تک مکمل ہونے کا امکان ہے جبکہ باقاعدہ تدریسی سرگرمیوں کا آغاز 20 ستمبر 2027 کو ہوگا۔

بریفنگ کے مطابق دانش یونیورسٹی میں ابتدائی مرحلے میں بائیو انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت، کمپیوٹر سائنس اور ٹیکنالوجی و سماجیات پر مبنی جدید تعلیمی پروگرام شروع کیے جائیں گے۔

طلبہ کو یونیورسٹی میں باقاعدہ تعلیم شروع کرنے کے لیے ضروری تیاری اور معاونت فراہم کرنے کی غرض سے برج پروگرام بھی شروع کیا جائے گا، جو 10 اگست سے 14 ستمبر 2027 تک جاری رہے گا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر طارق فضل چودھری، رکن قومی اسمبلی اسامہ سرور، چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز دانش یونیورسٹی عارف سعید اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top