بالاکوٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو بہنیں جاں بحق، 3 افراد زخمی

Pakistan SCO Summit 2026

بالاکوٹ: خیبرپختونخوا کے مشہور سیاحتی مقام بالاکوٹ کے علاقے منور سیریاں میں آسمانی بجلی گرنے کے افسوسناک واقعے میں دو بہنیں جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔

اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ حسرت خان کے مطابق منور سیریاں میں دو گھروں پر آسمانی بجلی گری، جس کے نتیجے میں دونوں گھر تباہ ہوگئے۔ واقعے میں 10 سالہ سدرہ بی بی اور 17 سالہ سلمیٰ بی بی جاں بحق ہوئیں جبکہ مہناز، حلیمہ اور منظور زخمی ہوئے۔

اے سی بالاکوٹ حسرت خان کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کے لیے امدادی سامان روانہ کردیا گیا ہے، جبکہ ایس پی بالاکوٹ ڈویژن صابر خان کے مطابق تھانہ کاغان پولیس کی ٹیم کو جائے وقوعہ پر روانہ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے بالاکوٹ میں شدید موسمی حالات کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ دو روز سے علاقے کے میدانی حصے تیز بارشوں کی زد میں ہیں جبکہ کاغان ویلی کے بیسر کے بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری بھی ہوئی ہے۔

این ڈی ایم اے کا پیشگی الرٹ

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 17 ستمبر 2026 تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کیا تھا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارشوں کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں بارش کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان کے گلگت، دیامر، غذر، اشکومن، گپس یاسین، نگر، ہنزہ، شمشال، اسکردو اور شگر میں اچانک سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے اپر دیر، سوات، باجوڑ، ملاکنڈ، کرم، کوہستان، مہمند اور اورکزئی میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری محمد حنیف جٹ انتقال کرگئے

اسی طرح بلوچستان کے ژوب، شیرانی اور موسیٰ خیل جبکہ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پنجاب کے راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ کے شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

اتھارٹی کا یہ الرٹ ایسے وقت میں جاری کیا گیا جب اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

این ڈی ایم اے نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی الرٹ جاری کرتے ہوئے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

این ای او سی کے مطابق مرکز ممکنہ خطرات کا پیشگی جائزہ لے کر عوام اور متعلقہ اداروں کو بروقت آگاہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارش کے دوران برساتی نالوں، زیر آب سڑکوں، پلوں اور نشیبی گزرگاہوں کو عبور کرنے سے گریز کریں۔ عوام کو موسم کی صورتحال، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر سے متعلق مستند معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی لینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی سیلابی صورتحال میں مدد کے لیے 911 ہیلپ لائن سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top