خیبر پختونخوا میں افسروں کی تعیناتی اور تبادلے کارکردگی سے مشروط

Pakistan SCO Summit 2026

پشاور: چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے کہا ہے کہ افسروں کی کارکردگی کو ان کی تعیناتی اور تبادلوں سے براہ راست منسلک کیا جائے گا، جبکہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے والے افسران کو آئندہ تعیناتیوں میں ترجیح دی جائے گی۔

دسویں ڈسٹرکٹ سروس ڈیلیوری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ فیلڈ میں افسران کی بہتر کارکردگی سے ریاستی اداروں پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کارکردگی سے مشروط تعیناتی کی نئی پالیسی کا مقصد سول انتظامیہ میں میرٹ اور احتساب کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔

شہاب علی شاہ نے عوام کے ساتھ مسلسل رابطے، ان کی رائے لینے اور شکایات کے بروقت ازالے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب افسران عوام کے لیے بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں تو عوام خود ان کے حق میں آواز اٹھاتے ہیں، جبکہ بہتر گورننس کی یہی روایت آنے والی نسلوں کے لیے مثال بن سکتی ہے۔

اجلاس میں دسمبر 2026 تک جاری رہنے والے اگلے مرحلے کے لیے مزید 103 بیوٹیفیکیشن اور جدید منصوبوں کی منظوری بھی دی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ ہر ضلع میں کم از کم ایک منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مزید 148 کیسز رپورٹ،کل تعداد 729 ہو گئی

اجلاس میں بتایا گیا کہ گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت صوبے بھر میں جولائی 2025 سے اگست 2026 تک 10 مانیٹرنگ راؤنڈز کے دوران مقررہ معیار کے مطابق سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔

اس دوران 9 محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 8 محکمے اب 70 فیصد سے زائد جبکہ اکثریت 90 فیصد سے بھی زیادہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

اجلاس میں زیرِ زمین اور بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے منصوبوں اور مزید خدمات کی آؤٹ سورسنگ پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شرکا کو بتایا گیا کہ اضلاع اور ترقیاتی منصوبوں میں پانی سے متعلق اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top