خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مزید 148 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد موجودہ سیزن کے دوران ریکارڈ کیے گئے کیسز کی کل تعداد 729 ہو گئی ہے۔
تفصٰلات کے مطابق رواں سال صوبے میں سب سے زیادہ کیسز کوہاٹ میں ریکارڈ کیے گئے ہیں جہاں اب تک 274 افراد کے متاثر ہونے کی اطلاع ملی ہے،محکمہ صحت کے حکام نے بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہری پور ضلع میں 47 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس پر محکمہ صحت کے حکام میں تشویش پائی جاتی ہے،ہری پور میں ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لینے اور انسداد کے جاری اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر کی زیرِ صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا۔
تازہ ترین کیسز سامنے آنے کے بعد ڈپٹی کمشنر ہری پور نے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں اور محکمہ صحت کے حکام کا اجلاس طلب کیا۔ حکام نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ڈینگی کے خلاف اسپرے اور دیگر حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے 98 کیسز رپورٹ
اجلاس میں ڈینگی کےہاٹ سپاٹس (زیادہ متاثرہ علاقوں) کی نشاندہی، گھروں کے اندر اور باہر نگرانی، مچھروں کے لاروا کا خاتمہ اور پورے ضلع میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنائیں اور ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نگرانی کے نظام کو بہتر بنائیں۔





