پاک چین سرحد پر واقع منٹکا پاس (Mintika Pass) پر سطح سمندر سے تقریبا4600 میٹر کی بلندی پر چینی فوج اور گلگت بلتستان پولیس کی خنجراب سیکیورٹی پولیس (KSP) کے مابین تاریخ میں پہلی بار مشترکہ سرحدی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔
خنجراب سیکیورٹی پولیس کے جوانوں نے مسلسل دو روز تک شدید دشوار گزار اور بلند پہاڑی راستوں پر پیش قدمی کرتے ہوئے منٹکا کے سرحدی مقام پر پہنچ کر ان مشقوں میں حصہ لیا۔
ان مشقوں کا بنیادی مقصد دنیا کے بلند ترین اور مشکل ترین سرحدی خطے میں دونوں ممالک کی فورسز کے درمیان باہمی رابطے، پیشہ ورانہ مہارت اور سرحدی سیکیورٹی کی عملی صلاحیتوں کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانا تھا۔
مشقوں کے اختتام پر چینی فوج کی جانب سے خنجراب سیکیورٹی پولیس کے اعزاز میں ایک پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر چینی فوج نے اپنے جدید ہتھیاروں اور دفاعی سازوسامان کی نمائش کی جبکہ باہمی خیرسگالی اور دوستانہ تعلقات کی یادگار کے طور پر پاکستانی پولیس کے جوانوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرول کی قیمت میں کمی، ڈیزل کی قیمت میں اضافہ،نوٹیفکیشن جاری
یہ تاریخی مشترکہ سرگرمی پاکستان اور چین کے سیکیورٹی اداروں کے درمیان بڑھتے ہوئے پیشہ ورانہ تعاون اور دیرینہ دوستانہ تعلقات کی واضح عکاس ہے۔





