امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت ہمارے مطالبات ماننے کو تیار نہیں، اس لیے 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کیا جائے گا، کراچی سے ٹرین مارچ ملتان اور لاہور سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچے گا۔
لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جب اسلام آباد کیلئے نکلیں گے تو ہر صورت وہاں پہنچیں گے، حکومت پٹرولیم لیوی کے ذریعے عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے جبکہ حکمران طبقہ غریب اور تنخواہ دار طبقے سے ٹیکس وصول کر رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے 4 ادوار ہو چکے ہیں، تاہم حکومت مطالبات تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں، مذاکرات میں حکومت کے پاس جماعت اسلامی کے مؤقف کا مؤثر جواب نہیں تھا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلام آباد مارچ میں ملک کے مختلف حصوں سے قافلے شریک ہوں گے، کراچی، کوئٹہ، چترال، کالام اور پنجاب سے قافلے روانہ ہوں گے جبکہ کراچی سے ٹرین مارچ ملتان اور لاہور سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کا اعلان تو کردیا، اب فرار کا راستہ ڈھونڈ رہی ہے،رہنما جماعت اسلامی طارق متین
انہوں نے مزید کہا کہ دھرنوں میں خواتین اور بچوں کی شرکت قابل تحسین ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ احتجاج میں عوام کی شرکت بڑھ رہی ہے۔





