باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کی شناخت کیلئے پی سی بی کا خصوصی پلان سامنے آگیا

لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی سی بی کے اسکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں ملک بھر کے 1400 اسکولوں کے 21 ہزار طلبہ حصہ لے رہے ہیں، جبکہ ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹاپ 50 ٹیموں کو پاکستان کرکٹ بورڈ اپنائے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ اسکول کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے شروع کیے گئے پروگرام میں گوادر سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک ملک بھر کے اسکول شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام کے دوران مجموعی طور پر 2900 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل دسمبر میں ہوگا۔

چیئرمین پی سی بی کے مطابق 1400 اسکولوں میں سے ٹاپ 50 ٹیموں کو پی سی بی اپنائے گا، جن کے کھلاڑیوں کی تربیت، غذائیت اور دیگر ضروریات کا خیال رکھا جائے گا۔ ایسے اسکول جہاں گراؤنڈ یا کرکٹ کی دیگر سہولیات موجود نہیں، وہاں بھی ضروری سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

محسن نقوی نے بتایا کہ اسکول کرکٹ کو مستقل بنیادوں پر فروغ دینے کے لیے پی سی بی میں ڈائریکٹر اسکول کرکٹ تعینات کیا جائے گا اور اس کے لیے مکمل ٹیم تشکیل دی جائے گی، جو سال بھر اسکولوں سے رابطے میں رہ کر نئے ٹیلنٹ کی تلاش جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ صرف ٹیم کی کارکردگی کی بنیاد پر ٹیلنٹ کا انتخاب کافی نہیں، کیونکہ ممکن ہے کسی ٹیم کی مجموعی کارکردگی اچھی نہ ہو لیکن اس میں کوئی باصلاحیت کھلاڑی موجود ہو۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعددارلحکومت پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

ایسے کھلاڑیوں کی شناخت کے لیے کرکٹرز کی ٹیم تشکیل دی جارہی ہے، جو انفرادی طور پر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔

چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ تقریباً 25 نوجوان کھلاڑیوں پر پہلے ہی اکیڈمی کی سطح پر کام کیا جارہا ہے، جن کے حوالے سے آئندہ چند روز میں اہم اعلان کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے میڈیا سے اسکول کرکٹ کے فروغ میں پی سی بی کا ساتھ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں سے سامنے آنے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کی شناخت کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال اسکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شریک اسکولوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر جائے گی۔

Scroll to Top