وزیراعظم کی ہدایت پر قائم نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی نے خصوصی فیول ریلیف اسکیم پر عملدرآمد تیز کرتے ہوئے انٹرنیٹ سہولت سے محروم علاقوں کے پیٹرول پمپس پر ایس ایم ایس (SMS) کے ذریعے فیول ٹوکن ریڈیم کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک بھر میں پیٹرول اسٹیشنز کی بڑی تعداد اب سسٹم پر فعال ہو چکی ہے اور شہری بلا تعطل اپنے فیول ٹوکنز ریڈیم کر رہے ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جن علاقوں میں انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کا مسئلہ ہے، وہاں ایس ایم ایس کے ذریعے فیول ٹوکنز کو ریڈیم کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور تمام صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ایسے پیٹرول اسٹیشنز کی فہرستیں فوری فراہم کریں تاکہ انہیں بغیر کسی تاخیر کے اسکیم کا حصہ بنایا جا سکے۔
اسٹیٹ بینک حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ گزشتہ تین روز کے دوران موصول ہونے والے تمام ادائیگی کلیمز مکمل طور پر نمٹا دیے گئے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر موصول ہونے والے کلیمز کو اسی دن پراسیس کیا جا رہا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ ملک کے ہر فعال پیٹرول اسٹیشن کو اس سسٹم پر شامل کیا جائے جبکہ مستقل طور پر بند پیٹرول پمپس اور صرف ڈیزل فروخت کرنے والے اسٹیشنز کی نشاندہی کر کے انہیں فہرست سے خارج کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : کاروباری ہفتے کے آخری روز سونے کی قیمت میں کمی
انہوں نے تاکید کی کہ اس ریلیف اسکیم کے تمام فوائد مستحق شہریوں تک بلا رکاوٹ اور شفاف انداز میں پہنچنے چاہئیں۔





