فیلڈ مارشل کا پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ، آپریشنل تیاریوں اور سرحدی انتظامات پر بریفنگ

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے آج پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو خیبرپختونخوا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور ملک و قوم کے تحفظ کے لیے ان کی ثابت قدمی اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فارمیشنز کو ہدایت کی کہ وہ مسلسل چوکس رہیں اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں : ہنگو میں شہید پاک فوج کے 6 جوانوں کی نماز جنازہ پشاور میں ادا، محسن نقوی سمیت سول و عسکری حکام کی شرکت

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج دہشت گردی کو شکست دینے اور ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔

دورے کے دوران آرمی چیف نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور آمد پر کمانڈر پشاور کور نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔

Scroll to Top