پشاور: خیبرپختونخوا میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے جوڈیشل افسران اور عدالتی عملے کے تحفظ کے لیے اہم حفاظتی اقدامات کی ہدایت کردی۔
چیف جسٹس کی ہدایت پر پشاور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور بنچوں کے ایڈیشنل رجسٹرارز کو مراسلہ جاری کردیا ہے۔
مراسلے میں تمام ریجنل پولیس افسران (آر پی اوز) کے تعاون سے ججز کی نقل و حرکت کی کڑی نگرانی اور ان کی سکیورٹی کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی اب کوئی وجود نہیں رکھتی، قیادت احتجاج کے بجائے مذاکرات کرے، محمود خان
مراسلے کے مطابق جوڈیشل افسران کی گاڑیوں پر سبز سرکاری نمبر پلیٹ استعمال نہیں کی جائے گی، جبکہ ججز اور دیگر عدالتی عملے کے دفتری اوقات میں بھی ضرورت کے مطابق تبدیلی کی جائے گی۔
چیف جسٹس نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ حفاظتی اور احتیاطی اقدامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ ڈسٹرکٹ ججز، دیگر جوڈیشل افسران اور عدالتی عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔
پشاور ہائیکورٹ رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری مراسلے میں متعلقہ حکام کو سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ضروری اقدامات بروقت مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔





