شاہد جان
خیبرپختونخوا کابینہ نے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت 59ویں اجلاس میں نئے خیبرپختونخوا پولیس ایکٹ 2026 کی منظور ی دے دی ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران کابینہ کے بعض ارکان نے مجوزہ ایکٹ کی مختلف شقوں پر شدید تحفظات اور اعتراضات اٹھائے جس کے بعد پیش کردہ مسودے میں فوری ترامیم کر کے اراکین کے تحفظات دور کیے گئے اور متفقہ ترمیم شدہ مسودے کی منظوری دی گئی۔
صوبائی وزیرِ اطلاعات شفیع جان نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کہ خیبرپختونخوا پولیس ایکٹ سے متعلق ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کابینہ کے سامنے پیش کی گئی تھی جو پولیس حکام کی باقاعدہ مشاورت سے تیار کی گئی تھی۔ ذیلی کمیٹی کی سفارشات اور مزید تجاویز کی روشنی میں کابینہ نے اس بل کی باقاعدہ منظوری دی ہے۔
وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی سربراہی میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، انتظامی سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبرپختونخوا پولیس نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں : مجوزہ خیبرپختونخوا پولیس ایکٹ 2026، پولیس اصلاحات یا مکمل سیاسی کنٹرول؟ سوالات اٹھنے لگے
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ سے منظوری کے بعد خیبرپختونخوا پولیس ایکٹ 2026 حتمی قانون سازی اور منظوری کے لیے صوبائی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔





