80 ممالک کا مشترکہ اعلامیہ ، آبنائے ہرمز فوری کھولنے کا مطالبہ کردیا

80 ممالک کا مشترکہ اعلامیہ ، آبنائے ہرمز فوری کھولنے کا مطالبہ کردیا

اقوام متحدہ میں 80 ممالک نے آبنائے ہرمز کو فوری کھولنے سے متعلق مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا، اعلامیئے میں آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور خطے میں مسلسل حملوں، بین الاقوامی تجارت میں خلل ڈالنے پر ایران اور اس کے اتحادی حوثیوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزيانی نے مشترکہ بیان پڑھ کر سنایا جس میں کہا گیا کہ آبنائے ہرمز میں ایران کے اقدامات بین الاقوامی سلامتی اور جہاز رانی کے حقوق اور آزادیوں کے لیے مسلسل خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس مشترکہ بیان کی حمایت خلیجی عرب ریاستوں اور بڑی مغربی طاقتوں نے کی ہے۔

اعلامیے میں یمن کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا گیا کہ ہم یمن میں تنازع دوبارہ شروع کرنے کے حوثیوں کے فیصلے، سعودی عرب پر ان کے مسلسل حملوں اور بحیرہ احمر میں ان کی کارروائیوں کی بھی پرزور مذمت کرتے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کا آبنائے ہرمز پر کنٹرول کا دعوی

بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ باب المندب کی جانب حوثیوں کی پیش قدمی سے بین الاقوامی جہاز رانی، میری ٹائم سکیورٹی اور عالمی تجارت کو لاحق خطرات میں مزید اضافہ ہی ہوگا۔

Scroll to Top