پاکستان کی کبڈی ٹیم ایشین گیمز کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی، اس ناکامی کے بعد قومی ٹیم پہلی بار اس ایونٹ سے بغیر کسی تمغے کے وطن واپس لوٹے گی۔
پاکستان کی ایشین گیمز 2026 کے کبڈی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں آخری گروپ میچ میں ایران کے ہاتھوں 51-30 کی شکست کے ساتھ ختم ہوگئیں۔
قومی کبڈی ٹیم گروپ مرحلے کے 4 میں سے صرف 2 میچز جیت سکی اور گیمز کی تاریخ میں پہلی بار سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ۔
پاکستان نے اپنی مہم کا آغاز ملائیشیا کے خلاف 65-22 کی شاندار کامیابی سے کیا تھا جبکہ نیپال کو بھی 58-43 سے شکست دی، تاہم اس کے بعد تھائی لینڈ کے خلاف 48-45 کی شکست نے پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدوں کو شدید دھچکا پہنچایا۔
آخری گروپ میچ میں مضبوط ایرانی ٹیم کے خلاف بھی پاکستان کامیابی حاصل نہ کرسکا اور 51-30 کی شکست کے بعد سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمزمیں پاکستان ویمنز ٹیم نے برانز میڈل جیت لیا
پاکستان ایشین گیمز مینز کبڈی میں مجموعی طور پر 9 تمغے جیت چکا ہے، جن میں 2 سلور اور 7 برانز میڈلز شامل ہیں۔





