سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پشاور کے تھانوں میں ڈی آر سیز کا کام روک دیا گیا

پشاور میں پولیس تنصیبات پر ممکنہ حملوں کے خدشے کے پیش نظر سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

تھانوں میں مفاہمتی عمل اور ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسلز (ڈی آر سیز) کو عارضی طور پر کام سے روک دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق پشاور پولیس لائنز میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر بھی فوری پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں پشاور کے مختلف تھانوں پر دستی بموں اور ڈرونز کے ذریعے حملے کیے گئے، جبکہ حساس اداروں کی جانب سے پولیس تنصیبات اور مساجد کو نشانہ بنائے جانے کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی صورتحال کے باعث تھانوں کی سطح پر جرگے کے ذریعے زمین، جائیداد، رقم اور دیگر تنازعات کے حل کے لیے جاری مفاہمتی عمل بھی روک دیا گیا ہے جبکہ ڈی آر سیز کو بھی عارضی طور پر غیر فعال کردیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق سکیورٹی صورتحال معمول پر آنے کے بعد مفاہمتی عمل اور ڈی آر سیز کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کردی جائیں گی۔

Scroll to Top