قومی کرکٹر محمد رضوان کی طلبی کے باوجود نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں پیشی نہ ہونے پر ادارے نے فائنل نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
محمد رضوان اور امام الحق سے متعلق کیس کی تحقیقات کے لیے این سی سی آئی اے نے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے جبکہ امام الحق کے موبائل فون کا فرانزک عمل شروع کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان کے موبائل فون کا ڈیپ فرانزک تاحال باقی ہے، جس کے لیے ان کی موجودگی ضروری قرار دی گئی ہے۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے رضوان کو فرانزک کے عمل کے دوران موجود رہنے کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: محمد رضوان کے لیے ایک اور مشکل،پی سی بی نے پابندی لگا دی
ذرائع کے مطابق غلط پاس ورڈ درج ہونے کی صورت میں موبائل فون کا ڈیٹا متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر محمد رضوان کو فرانزک کے لیے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این سی سی آئی اے نے رضوان کی عدم پیشی کے معاملے پر فائنل نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد ان کی آئندہ پیشی سے متعلق کارروائی کا تعین کیا جائے گا۔





