مری میں سکول بچوں کی سوزوکی بولان سڑک سے نیچے جاگری، 10 افراد زخمی

مری: مسیاڑی لوئر موہڑا بڑا ہوتر کے قریب اسکول کے بچوں کو لے جانے والی سوزوکی بولان بے قابو ہوکر سڑک سے نیچے جاگری، حادثے کے فوراً بعد گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی سوزوکی بولان میں سرکاری اور نجی اسکولوں کے بچے سوار تھے۔ گاڑی بے قابو ہوکر سڑک سے نیچے گری تو اس میں اچانک آگ لگ گئی، جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں پھنسے افراد کو فوری طور پر باہر نکالا۔ حادثے میں ڈرائیور سمیت 10 افراد زخمی ہوئے، جنہیں موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ابتدائی طبی امداد کے بعد تمام زخمیوں کو مزید علاج کے لیے سول ہسپتال مری منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں بیشتر بچوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 7 دہشت گرد ہلاک

حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کی فائر فائٹنگ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سوزوکی بولان میں لگی آگ پر قابو پالیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر مری بھی سول ہسپتال پہنچے اور زخمی بچوں کی عیادت کی، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی مزید وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ واقعے سے متعلق مزید معلومات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آسکیں گی۔

Scroll to Top