پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے درمیان منگل کے روز آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے مرکزی دفتر میں ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
یہ معاہدہ دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے لیتھیم کے حصول کے منصوبے کے لیے سائنسی اور تجزیاتی معاونت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا ایک اہم اور ممتاز تحقیقی و ترقیاتی ادارہ ہے جو 1965 میں قائم ہوا اور تحقیق، ترقی اور سائنسی خدمات کے شعبے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔معاہدے کے تحت پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کو مختلف عناصر کی جامع جانچ اور تجزیے کے ساتھ ساتھ تابکار عناصر کی شناخت اور سائنسی تجزیے کے لیے اپنی خصوصی تکنیکی مہارت اور خدمات فراہم کرے گا۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ممبر سائنس ڈاکٹر شکیل عباس روفی اور آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسراحمد حیات لک موجود تھے۔پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر قمر الحق اور آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے شعبہ سپلائی چین مینجمنٹ کے جنرل مینیجر مسٹر اعجاز عباس رضوی نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر ڈاکٹر شکیل عباس روفی اوراحمد حیات لک نے اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ معاہدہ دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس معاہدے کے ذریعے دونوں اداروں کی سائنسی اور تکنیکی صلاحیتوں کو یکجا کرتے ہوئے قومی مقاصد کے حصول میں معاونت حاصل ہوگی۔
اس موقع پر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اسپیکٹرو میٹری گروپ کے سربراہ، مسٹر منیب احمد شفیق نے عناصر کے تجزیے کے شعبے میں ادارے کی صلاحیتوں اور مہارت کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن دی۔آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی پروڈکشن انجنیئر شگفتہ شفیق نے کمپنی کے کام کے دائرہ کار اور کاروباری تنوع کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے خاص طور پر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے تعاون سے لیتھیم کے حصول کے منصوبے کو اجاگر کیا۔

یہ تعاون پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی تجزیاتی مہارت اور آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی متعلقہ شعبے میں موجود صلاحیتوں کو یکجا کرتا ہے جس کے ذریعے پاکستان کے معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سامنے آنے والے نئے مواقع کا جائزہ لینے اور ان سے فائدہ اٹھانے میں مدد ملے گی۔

توقع ہے کہ یہ اقدام ملک کے اپنے قدرتی وسائل کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا اور وسیع تر قومی مقاصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا





