انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 :رجسٹریشن کرنے والے 17پاکستانی کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے

پاکستان کےاسٹار بیٹر بابر اعظم سمیت 17 پاکستانی کرکٹرز نے انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کے 5ویں سیزن کی کھلاڑیوں کی نیلامی کے لیے رجسٹریشن کرا لی ہے جن میں بابر اعظم، فخر زمان، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان اور عثمان طارق کو سب سے زیادہ بنیادی قیمت والے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔

دبئی میں انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کے 5ویں سیزن کی کھلاڑیوں کی نیلامی یکم اکتوبر کو آئی سی سی اکیڈمی انڈورز میں ہوگی۔ نیلامی میں 23 ممالک کے 200 سے زائد کرکٹرز حصہ لیں گے، جن میں آئی سی سی کے 11 مکمل رکن ممالک، آئی ایل ٹی 20 کے شراکت دار ممالک کویت اور سعودی عرب سمیت 10 دیگر ایسوسی ایٹ ممالک شامل ہیں۔

پاکستان سے بابر اعظم کے علاوہ فخر زمان، نسیم شاہ، عثمان طارق، حسن علی، شاداب خان، حسن نواز، محمد نواز، صائم ایوب، خوشدل شاہ، معاذ صداقت، حنین اور صاحبزادہ فرحان بھی نیلامی کے لیے رجسٹرڈ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

رجسٹرڈ کھلاڑیوں کو 80 ہزار، 40 ہزار اور 10 ہزار امریکی ڈالر کی 3 بنیادی قیمتوں کے زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سب سے زیادہ بنیادی قیمت والے زمرے میں پاکستان کے 5 کرکٹرز بابر اعظم، فخر زمان، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان اور عثمان طارق شامل ہیں۔

دوسرے بنیادی قیمت والے زمرے کو ’تجربہ کار ٹی 20 سپر اسٹارز‘ کا نام دیا گیا ہے، جس میں 12 بین الاقوامی کرکٹرز شامل ہیں۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان، معاذ صداقت، حسن نواز اور حنین بھی اسی زمرے میں شامل ہیں۔

نیلامی میں شامل دیگر نمایاں بین الاقوامی کرکٹرز میں فل سالٹ، ٹام بینٹن، ڈیوڈ ولی، رحمان اللہ گرباز، جونی بیئرسٹو، معین علی، لیام لیونگ اسٹون، الزاری جوزف، وانندو ہسارنگا، فاف ڈو پلیسی، تسکین احمد، ایلکس ہیلز، فضل الحق فاروقی، کرس ووکس اور داسن شناکا شامل ہیں۔

آئی ایل ٹی 20 کا 5واں سیزن متحدہ عرب امارات میں 22 نومبر سے 20 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔ ہر فرنچائز کے لیے کم از کم 18 اور زیادہ سے زیادہ 23 کھلاڑیوں کا انتخاب لازمی ہوگا۔

ان کھلاڑیوں میں آئی سی سی کے مکمل رکن ممالک سے کم از کم 11 کھلاڑی شامل ہونا ضروری ہیں جن میں سے کم از کم 4 افغانستان اور کم از کم 1 آئرلینڈ سے ہونا لازمی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کرکٹر اعظم خان کی اچانک موت کی خبر وائرل، سچائی کیا ہے؟

اس کے علاوہ ہر فرنچائز کے لیے متحدہ عرب امارات سے کم از کم 4، سعودی عرب اور کویت سے کم از کم 1، 1 جبکہ آئی ایل ٹی 20 کے شراکت دار ممالک کے علاوہ کسی دوسرے ایسوسی ایٹ ملک سے کم از کم 1 کھلاڑی کا انتخاب بھی لازمی ہوگا۔

Scroll to Top