بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں یوم دفاع اور شہداء کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد

بیجنگ میں قائم پاکستان کے سفارت خانے میں یومِ دفاع اور شہداء کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مسلح افواج کی شجاعت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب میں پیپلز لبریشن آرمی کے ڈسپلن انسپکشن کمیشن کے سیکرٹری اور سپروائزری کمیشن کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل لو ہوئی چی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں چین کے سینئر سویلین و ملٹری حکام، سفارتی کور کے ارکان، مختلف سفارت خانوں کے دفاعی اٹیچیز، میڈیا نمائندوں، پاکستانی برادری اور سفارت خانے کے افسران و اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ کے طلباء کی جانب سے پاکستان اور چین کے قومی ترانوں کی پیشکش سے ہوا۔ اس موقع پر خصوصی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں جن میں 1965 کی جنگ کے دوران پاکستانی مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں کے علاوہ قدرتی آفات میں امدادی کارروائیوں، بین الاقوامی امن مشنز اور علاقائی و عالمی امن کے لیے ان کے اہم کردار کو اجاگر کیا گیا۔

دفاعی و عسکری اٹاچی بریگیڈیئر علی اصغر خان نے اپنے خیر مقدمی کلمات میں وطن عزیز کی حفاظت کے لیے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جذبے کو سراہا۔

پاکستان کے قائم مقام ناظم الامور اعجاز خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دفاعِ وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے لیے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی، قائم مقام ناظم الامور اور دفاعی اٹیچی کے درمیان یادگاری تحائف کا تبادلہ ہوا جس کے بعد کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔

Scroll to Top