ایران کی اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت 24 لاکھ 50 ہزار ریال سے تجاوز کر گئی، جس کے بعدایرانی ریال کی قدر میں تیزی سے جاری کمی ایک نئی ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ گئی ۔
گزشتہ روز ڈالر نے دن کا آغاز تقریباً 24 لاکھ 5 ہزار ریال سے کیا، تاہم کاروبار کے دوران اس کی قیمت مزید بڑھتی گئی اور 24 لاکھ 50 ہزار ریال سے تجاوز کر گئی۔
ایک ہفتہ قبل ڈالر 23 لاکھ 30 ہزار ریال کے آس پاس تھا، جب کہ ایک سال قبل امریکی ڈالر کی قیمت تقریباً 11 لاکھ 10 ہزار ایرانی ریال تھی، یوں ایک سال کے دوران ڈالر کی قیمت دوگنا سے بھی زیادہ ہو چکی ہے۔
یہ صورت حال ایسے وقت میں پیدا ہوئی ہے جب ایران کو اقتصادی اور فوجی دباؤ کا سامنا ہے اور امریکہ کے ساتھ ممکنہ نئے بالواسطہ مذاکرات کی کوششیں بھی شکل اختیار کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کی صورتحال انتہائی خراب، امریکی صدر
رپورٹ کے مطابق آج منگل کو امریکہ اور ایران کے ساتھ ثالثوں کی جانب سے الگ الگ ملاقاتوں کی توقع ہے، ان مذاکرات میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر تہران کی جانب سے پیش کی گئی سات روزہ تجویز کے ترمیم شدہ مسودے پر بات چیت ہوگی۔





