جاپان کے شہر نشین میں جاری ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلادیش کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
میچ میں پاکستان کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث سیمی فائنل کو فی اننگز 13 اوورز تک محدود کردیا گیا۔
بنگلادیش نے مقررہ 13 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے۔ توحید ہردوئی نے 42 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے بولنگ میں سفیان مقیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عرافات منہاس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایشین گیمز: پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر والی بال سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی
پاکستان کو کامیابی کے لیے 112 رنز کا ہدف ملا، جو قومی ٹیم نے 12ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی بیٹنگ میں عبدالصمد نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 15 گیندوں پر 30 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ حسن نواز نے 22 گیندوں پر 27 رنز بنائے، جبکہ صائم ایوب نے 12 گیندوں پر 21 رنز اسکور کیے۔
یوں پاکستان نے بنگلادیش کو شکست دے کر ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ ایونٹ کے فائنل میں اپنی جگہ بنا لی۔





