ایشین گیمز: پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر والی بال سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی

جاپان میں جاری ایشین گیمز کے مینز والی بال ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے بھارت کو مسلسل تین سیٹس میں شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا سیٹ 25-19 سے اپنے نام کیا۔ دوسرے سیٹ میں بھی پاکستانی ٹیم نے برتری برقرار رکھی اور بھارت کو 25-23 سے شکست دی۔

تیسرے سیٹ میں پاکستان نے 25-18 سے کامیابی حاصل کرکے کوارٹر فائنل 0-3 سے جیت لیا۔ پاکستان نے یہ مقابلہ ایک گھنٹہ 20 منٹ میں اپنے نام کیا۔

میچ کے دوران پاکستان نے مجموعی طور پر 75 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ بھارت 60 پوائنٹس تک محدود رہا۔ اسپائکس میں بھی پاکستان کو واضح برتری حاصل رہی، پاکستانی ٹیم نے 50 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ بھارت کے اسپائکس سے 33 پوائنٹس آئے۔

بلاکس کے ذریعے پاکستان نے 6 پوائنٹس بنائے، جبکہ بھارت 4 پوائنٹس حاصل کرسکا۔

یہ بھی پڑھیں : چین اور پاکستان ہر موسم کے سٹریٹجک تعاون کے شراکت دار ہیں، چینی سفیر

پاکستان کی کامیابی میں مراد خان نے اہم کردار ادا کیا اور وہ 22 پوائنٹس کے ساتھ ٹیم کے نمایاں کھلاڑی رہے۔ مراد خان نے اسپائکس پر 21 پوائنٹس جبکہ سروس کے ذریعے ایک پوائنٹ حاصل کیا۔

پاکستان کی جانب سے مصور خان نے 7، حماد نے 8 جبکہ عثمان فریاد نے 9 پوائنٹس اسکور کیے۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے بھارت کو کوارٹر فائنل میں شکست دے کر ایشین گیمز کے مینز والی بال ایونٹ کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔

Scroll to Top