افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائی، 22 دہشت گرد جہنم واصل

اسلام آباد: وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کامیاب فضائی کارروائی کرتے ہوئے 22 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔

وزارت اطلاعات کے مطابق کارروائی کے دوران افغانستان میں دو مقامات پر فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں موجود بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ ہوگیا۔

بیان کے مطابق فضائی کارروائی مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر انتہائی درستگی کے ساتھ کی گئی۔ کارروائی کے دوران شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور کسی بھی جانی نقصان سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔

وزارت اطلاعات نے بتایا کہ آپریشن ’غضب لِلحق‘ کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں کو کارروائی کا نشانہ بنایا گیا۔

وزارت اطلاعات کے مطابق پاکستان کو دہشت گردی کا خطرہ افغانستان سے لاحق ہے اور افغانستان کا دہشت گردی کا مرکز بنے رہنا پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں 10 مقامات پر فضائی و ڈرون کارروائی، دہشتگردوں کا انفراسٹرکچر تباہ

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے لیے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ اولین ترجیح ہے، جبکہ ملک خطے میں امن اور استحکام کے لیے ہمیشہ کوشاں رہا ہے۔

وزارت اطلاعات کے مطابق ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن ’غضب لِلحق‘ پوری رفتار سے جاری رہے گا، جبکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پرعزم ہیں۔

Scroll to Top