اسلام آباد: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کردیئے، جبکہ کم از کم 6 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے سنی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو کواڈ کاپٹرز کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
کارروائی کے نتیجے میں ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے شمالی وزیرستان میں بھی سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران خوارج کے متعدد ٹھکانے اور سرنگیں تباہ کردی گئیں، جبکہ بڑی مقدار میں بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائی، 22 دہشت گرد جہنم واصل
سکیورٹی فورسز کے مطابق کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کے جہنم واصل ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ سرچ آپریشن کے دوران برآمد ہونے والے دھماکہ خیز مواد کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے ناکارہ بنا دیا گیا۔
سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور فورسز اپنے عزم پر قائم ہیں۔





